قاہرہ،14ستمبر(ایجنسی) مصر کی سب سے بڑی دینی درسگاہ جامعہ الازھر نے مسجدحرام میں گذشتہ جمعہ کی شام طوفانی بارش اورآندھی کے نتیجے میں ایک کرین کے حادثے میں جاںوالے نمازیوں اور حجاج کرام کو شہداء قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ شہید ہونے والے تمام مسلمان روز قیامت تلبیہ پڑھتے ہوئے اٹھیں گے۔
جامعہ الازھر کے سیکرٹری ڈاکٹر عباس شومان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حرم مکی میں کرین کے حادثے میں مارے جانے والے تمام افراد نے
شہادت کا مقام پایا ہے۔ ہم اللہ رب ذول الجلال سے تمام شہداء کے لیے رحمت، جنت اور مغفرت کی دعا کرتے ہیں اور یہ تمنا کرتے ہیں ان کے پاک خون روز قیامت ان کے لیے شفاعت کا ذریعہ بنائے جائیں گے۔
ڈاکٹر شومان نے کہا کہ جامعہ الازھر اور اس کے سربراہ ڈاکٹر احمد الطیب نے حرم مکی میں پیش آئے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ہم سب نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز، سعودی قوم اور پوری مسلم امہ کے ساتھ ہمدردی اور غم گساری کرتے ہوئے شہداء کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔